ایران کی جانب سے عراق، کویت اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں پر ڈرون و میزائل حملوں کا دعویٰ

ایران کی جانب سے عراق، کویت اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں پر ڈرون و میزائل حملوں کا دعویٰ

مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے جہاں مختلف ممالک میں دھماکوں اور ڈرون و میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

عراق کے اربیل میں ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا مالی خسارے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ مقامی حکام اور ایئرپورٹ انتظامیہ واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔کویت میں بھی ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریڈار نظام کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کسی شخص کے زخمی ہونے یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متاثرہ نظام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کے الخرج میں امریکی فوجی اڈے، الخرج ایئر بیس کو بھی میزائل اور ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے مطابق حملے کے دوران ایک امریکی ری فیولنگ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ مزید تین امریکی طیارے شدید نقصان کے باعث ناقابل استعمال ہو گئے۔

عالمی میڈیا اور سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور یہ حملے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ حملوں کے فوری بعد متاثرہ مقامات پر حفاظتی اقدامات اور تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ ممالک نے اپنی فوجی تیاریوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔یہ واقعے خطے میں جاری سیاسی اور عسکری کشیدگی کی نشاندہی کرتے ہیں اور عالمی برادری نے صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔