واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی کے پیش نظر نیو جرسی میں واقع ان کے نجی گالف کلب کے اطراف فضائی دفاعی نظام تعینات کیا گیا ہے۔
امریکی دفاعی ویب سائٹ دی وار زون کے مطابق یہ اقدام ایران کی جانب سے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کے خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کی حالیہ ویڈیوز اور تصاویر میں فضائی دفاعی نظام واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مناظر اس وقت کے ہیں جب صدر ٹرمپ گالف کلب میں موجود تھے اور وہاں ایک گالف ٹورنامنٹ کا فائنل راؤنڈ جاری تھا۔ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ مختصر فاصلے تک فضائی اہداف کو نشانہ بنانے والا ایونجر ایئر ڈیفنس سسٹم اور سینٹینل ایئر ڈیفنس ریڈار علاقے میں نصب ہیں۔ امریکی دفاعی ویب سائٹ نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس نے ان ویڈیوز اور تصاویر کی تصدیق کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر کی موجودگی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ، صدر کی موجودگی کے دوران گالف کلب کے گرد قائم عارضی نو فلائی زون میں دو سویلین طیارے داخل ہو گئے تھے، جنہیں نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ کے ایف-16 لڑاکا طیاروں نے روک لیا اور بحفاظت ممنوعہ فضائی حدود سے باہر نکال دیا۔
نورڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پائلٹس پر زور دیا کہ وہ ہر پرواز سے قبل فضائی حدود سے متعلق تازہ ترین سرکاری ہدایات کا لازمی جائزہ لیں۔دوسری طرف، قبل ازیں یکم اگست کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں بھی صدر ٹرمپ کو بیڈمنسٹر میں امریکی فوجیوں سے گفتگو کرتے دیکھا گیا تھا، جس کے پس منظر میں ایک ایونجر فضائی دفاعی نظام موجود تھا۔یہ اقدامات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ایران کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اور صدر ٹرمپ کی موجودگی کے دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔