کویت نے ملک پر مسلسل ایرانی حملوں اور حالیہ ڈرون حملے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ایران کے سفیر محمد توتونجی کو وزارت خارجہ طلب کرلیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کویتی وزارت خارجہ نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے انہیں احتجاجی مراسلہ دیا، جس میں کویت کی سرزمین پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی گئی اور اس حوالے سے کویت کا باضابطہ مؤقف پیش کیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق جمعرات کو ہونے والے تازہ واقعے میں ایک ڈرون کے ذریعے کویت میں ایک اہم مقام کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد کویت نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔کویتی نائب وزیر خارجہ حمد المشعان نے ان حملوں کو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایران کو ان کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہیں۔ کویت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق بھی محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویتی اور اطالوی ہم منصبوں سے رابطے کے دوران کہا کہ تہران کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں، تاہم ایران واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے کویت اور اٹلی کے ساتھ مشترکہ تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔