پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں پچھلے ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔
پشاور شہر و نواح میں صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خنکی میں اضافہ ہوا ہے۔ چترال کے اپر اور لوئر علاقوں کے پہاڑ برفباری کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ دیر بالا، کالام، سوات، شانگلہ اور دیگر بالائی اضلاع میں بھی برفباری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی یا مکمل ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور بالائی اضلاع میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خاص طور پر چترال، دیر، مالاکنڈ، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ہری پور، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، خیبر، بنوں، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں وقفے وقفے سے گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔گزشتہ روز پشاور میں 2 ملی میٹر، چترال 4، تیمر گرہ 5، دیر 8، کالام 13، دروش 3، سیدو 3، ڈیرہ 4، مالام جبہ 6، پارا چنار 34، لنڈی کوتل 10 اور بنوں میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سرد اور موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔