بارش اور برفباری کا نیا اسپیل: ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند

بارش اور برفباری کا نیا اسپیل: ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے نئے اسپیل سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

 بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند، ٹریفک متاثر اور معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔

لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں سرد موسم برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت بالترتیب 8، 5 اور 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارش اور سردی میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

مانسہرہ، وادی کاغان، ناران اور شوگران میں برفباری کے باعث شوگران روڈ بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بغیر اسنو چین سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے، جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں شدید برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔