ملک بھر میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند

ملک بھر میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش نے موسم کو مزید سرد اور خوشگوار بنا دیا ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کا مطلع ابر آلود ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد اور ہواؤں کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا امکان نہیں۔

دوسری جانب شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار غیر صحت بخش ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 19 ویں نمبر پر موجود ہے، فضا میں آلودگی کی مقدار 127 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں جی 7، جی 8، ایچ 8، کشمیر چوک، بارہ کہو، بنی گالا اور پارک روڈ میں ہلکی بوندا باند ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعد از دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ دن بھر 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ مظفرآباد اور گردونواح کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جبکہ بحالی کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ایبٹ آباد اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گلیات میں برفباری اور سرد ہواؤں نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ مری روڈ سمیت مختلف رابطہ سڑکوں پر شدید پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ ضلع خیبر کے میدانی علاقوں باڑہ اور جمرود میں ہلکی بارش جبکہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایبٹ آباد، ہری پور، کندیاں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔