ملتان سلطانز کے نئے اونر گوہر شاہ نے فرنچائز کو مضبوط اور منظم شکل دینے کا اعلان کیا ہے۔
گوہر شاہ نے کہا کہ ابتدائی سالوں میں ٹیم سے نقصان ہوگا، لیکن چوتھے سال سے آمدنی میں اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کے ساتھ ملاقات کے دوران انہیں پارٹنر شپ کی پیشکش کی گئی، جس کے بعد معاملات آگے بڑھے اور فرنچائز ان کے ہاتھ میں آ گئی۔گوہر شاہ نے مزید کہا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ایشٹن ٹرنر شامل ہیں، جو گزشتہ پانچ برسوں میں تین بار کپتان رہ چکے ہیں، اور ان کا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 22 مارچ سے ٹیم کا کیمپ شروع ہو رہا ہے، جس میں تمام کوچز اور پلیئرز حصہ لیں گے۔ اس موقع پر ٹیم میں 7 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جن میں دو دیگر فرنچائزز سے ٹریڈ کیے گئے جبکہ پانچ ڈائریکٹ سائن کیے گئے ہیں۔
گوہر شاہ نے کہا کہ ان کا مقصد ٹیم کو اپنی سوچ کے مطابق ڈھالنا ہے اور کپتان کا انتخاب کوچز کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے کرکٹ کے سابقہ تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کمر کی انجری نہ ہوتی تو وہ ابھی بھی کھیل رہے ہوتے، تاہم اب میدان میں اترنا مشکل ہے۔مزید برآں، انہوں نے مستقبل میں پی ایس ایل میچز انگلینڈ میں کرانے کی امید ظاہر کی تاکہ بین الاقوامی اسپانسرز کو بھی ٹیم کے ساتھ شامل کیا جا سکے۔گوہر شاہ نے بتایا کہ سابق کھلاڑی اور میڈیا شخصیت علی ترین انہیں سپورٹ کر رہے ہیں اور انہیں میچ دیکھنے کے لیے بھی مدعو کیا گیا ہے۔