پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان سلطانز فرنچائز کے حقوق کی فروخت کے لیے باضابطہ اشتہار جاری کر دیا ہے اور خواہشمند پارٹیوں کو بڈنگ کے لیے مدعو کر لیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے ملتان فرنچائز کے آکشن کے سلسلے میں درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں 30 جنوری تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق ملتان فرنچائز کے لیے بڈز بھی 30 جنوری کو ہی اوپن کی جائیں گی، تاہم صرف وہی کمپنیاں بڈنگ کے عمل میں حصہ لے سکیں گی جو ٹیکنیکل طور پر کوالیفائی قرار پائیں گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل ملتان فرنچائز کو سیزن 11 کے لیے خود چلانے کا اعلان کیا تھا، لیکن پی ایس ایل میں دو فرنچائزز کی ریکارڈ فروخت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث اب ملتان فرنچائز کو اوپن آکشن کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔