پنجاب میں درختوں کے قتل اور جنگلات کی تباہی کے خلاف وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے، جس کے تحت ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے عہدہ سنبھالتے ہی درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور قدرتی ایکو سسٹم کی تباہی کے خلاف سخت مؤقف اپنایا، اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ اس مافیا کو ہر حال میں روکا جائے۔اسی سلسلے میں اٹک فاریسٹ ڈویژن نے حالیہ کارروائی کے دوران چوری شدہ لکڑی کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے 20 مئی کو کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سوزوکی بولان (LE-5112) کو قبضے میں لیا گیا جو ضلع ایبٹ آباد کے علاقے قلندر آباد سے لکڑی لے کر آ رہی تھی۔ لکڑی اور گاڑی کو پنجاب فاریسٹ ایکٹ 1927 (ترمیم شدہ 2022) کے تحت قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کٹائی اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتی جنگلاتی وسائل کے تحفظ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی اٹک فاریسٹ عملے کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق محکمہ جنگلات آئندہ بھی تیز رفتار اقدامات کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا سے مزید زمینیں واگزار کروانے کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے۔