ٹرک نے میاں خاں، ٹریکٹر ٹرالی نے فیاض کو کچل کر موت کی نیند سلادیا
شیشے سے بھرا ٹرک موٹرسائیکل پر گرنے سے شبیر چل بسا، بیوی زخمی
دیپالپور، حویلی لکھا ، ساہیوال(خصوصی رپورٹ)دیپالپور اور ساہیوال میں 3 ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، خاتون زخمی ہوگئی۔پہلا حادثہ دیپالپور قصور روڈ پر شیریں بتھنہ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار میاں خاں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی چل بسا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم ڈرائیورندیم کو گرفتار کر لیا۔دوسرا حادثہ حویلی لکھا روڈ ڈولہ پختہ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار فیاض احمد کو روند ڈالا جس کے باعث وہ بھی موقع پر دم توڑ گیا۔فیاض احمد محمد نگر حویلی لکھا کا رہائشی تھا، دونوں حادثات کے بعد ڈرائیور موقع سے فرارہو گئے۔تیسرا حادثہ ساہیوال کے چک 102/6اے آر کے قریب ہوا، جہاں شیشے سے بھرا کنٹینر موٹرسائیکل سوار فیملی پر گرنے کے نتیجہ میں ایک شخص جان کی بازی ہارگیا۔شبیر موٹرسائیکل پر بیوی کے ہمراہ جارہا تھاکہ تیز رفتاری سے آنے والا ٹرالربے قابو ہو کر موٹرسائیکل کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار شبیر کی ٹانگیں کنٹینر کے نیچے دب گئیں جبکہ بیوی دوسری طرف گرنے سے زخمی ہوئی۔ شبیر کو ریسکیو ٹیموں نے کنٹینر کے نیچے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے ٹرالر کو قبضے میں لے لیا۔ تھانہ ہڑپہ پولیس نے نصیر احمد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیاہے۔