ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کے احکامات کی روشنی میں ساہیوال پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ، ایس ایچ او تھانہ فرید ٹائون سب انسپکٹر افضال خان اور انچارج چوکی کوٹ خادم علی اے ایس آئی ناظم حسین کی زیر نگرانی پولیس نے خصوصی کارروائیاں کرتے ہوئیچوری و نقب زنی کی مختلف وارداتوں میں ملوث 4 گینگز کے7 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔پولیس تھانہ فرید ٹائون نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگ کے سرغنہ مظہر حسین کو اس کے ساتھی عباس سمیت گرفتار کر کے قبضہ سے 16 لاکھ روپے مالیت کے 9موٹر سائیکل برآمد کیے، ایک اور کارروائی کے دوران گھروں میں گھس کر وارداتیں کرنے والے عامر عرف عامری گینگ کے دو ارکان مجاہد عرف مجاہدی اور منظوراں بی بی کو گرفتار کر کے قبضہ سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی۔اسی طرح چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے ارکان اکرام نذیر اور رمضان کو گرفتار کر کے قبضہ سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی برآمد کر لی۔ مال مسروقہ ایس ڈی پی او سٹی سرکل منصور الٰہی نے تھانہ فرید ٹائون میں منعقدہ تقریب کے دوران اصل مالکان کے حوالے کیا۔