سعودی عرب: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے7 افراد جاں بحق

 گاڑی دوسری کار سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور اس میں فوری طور پر آگ لگ گئی،مرنیوالوں میںپانچ بچے شامل

ریاض(آئی این پی )سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق سعودی خاندان جازان کے علاقے میں سفر کر رہا تھا کہ خریص الاحسا روڈ پر حادثے کا شکار ہوگیا۔ جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور ان کے پانچ بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں انتقال کر جانے والے خاندان کے سربراہ کے بھائی احمد حدادی نے بتایا ان کے بھائی اپنے پانچوں بچوں اور اہلیہ کے ساتھ مشرقی ریجن جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی دوسری کار سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور اس میں فوری طور پر آگ لگ گئی۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں خاندان کا سربراہ علی بن محمد الحدادی، اہلیہ عیش بنت احمد الحدادی، بیٹے محمد اور حسام اور تین بیٹیاں شامل تھیں جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔