خواتین اور بچوں پر تشدد، ہراسانی کے7 ملزم گرفتار

 زیادتی، زیادتی کی کوشش اور ہراسانی کے واقعات میں گرفتاریاں عمل میں آئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) ماڈل ٹائون ڈویڑن پولیس نے خواتین اور بچوں پر تشدد، جنسی زیادتی اور ہراسانی کے واقعات میں ملوث سات ملزمان کو گزشتہ ہفتے کے دوران گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق گارڈن ٹائون پولیس نے 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ نشتر کالونی پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی سے زیادتی کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو حراست میں لیا۔ کوٹ لکھپت پولیس نے دو خواتین سے زیادتی کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ اچھرہ پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے اور نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو حراست میں لیا، جبکہ لیاقت آباد پولیس نے 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ کاہنہ پولیس نے نشہ آور دوا پلا کر بچے سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ کوٹ لکھپت پولیس نے بیوی پر تشدد کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو بھی حراست میں لے لیا۔ ایس پی ماڈل ٹائون کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے جنڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔