عید پر زائد کرایہ لینے والوں کیخلاف کریک ڈائون، 750گاڑیاں بند‘ڈگی میں مسافر بٹھانے پر11 بسوں کاموٹر وے پر 7روز کیلئے داخلہ بند
لاہور (یواین پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) عید کے پرمسرت موقع پر اپنے گھروں کو واپس جانے والے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپوٹر مافیا کو لگام ڈالنے کیلئے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کے راول پنڈی، فیصل آباد اور لاہور کے بسوں اڈوں کے مسلسل دورے جاری ہیں۔ خراب موسم کے باوجود وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کئی گھنٹے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے افسران کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک رہے جبکہ لاہور کے مختلف مقامات اور بس اسٹینڈز پر افسران کے ہمراہ سخت چیکنگ کی۔ انہوں نے مسافروں سے کرایوں بارے استفسار کیا اور شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو موقع پر ہی سخت جرمانے عائد کیے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں زائد کرایہ وصول کرنے پر 750 سے زائد گاڑیاں بند جبکہ91 لاکھ روپے سے زائد رقم کے جرمانے کیے گئے۔اسی طرح زائد کرایہ کی مد میں وصول کی گئی تقریبا 10 لاکھ روپے کی رقم 8 ہزار سے زائد مسافروں کو واپس دلوائی گئی۔اس موقع پر مسافروں نے زائد کرایہ کی رقم واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور بروقت حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔
اسلام آباد موٹر وے پولیس نے مختلف 11 بسوں کو موٹر وے پر سفر سے 7 روز کے لیے معطل کر دیا۔ترجمان کے مطابق متعلقہ بسوں کے خلاف ڈگی میں مسافروں کو بٹھانے جیسے خطرناک عمل پر کارروائی کی گئی۔اسلام آباد میں ٹول پلازا پر چیکنگ کے دوران مسافروں کو بس کی ڈگی سے نکال لیا گیا۔