امریکہ دنیا کاسب سے طاقتور ملک ہے،ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے؛ٹرمپ کا یوٹرن

امریکہ دنیا کاسب سے طاقتور ملک ہے،ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے؛ٹرمپ کا یوٹرن

امریکی صدر  ٹرمپ نے ایک بار پھر مؤقف تبدیل کرتے ہوئے نیٹو اتحادیوں پر عدم تعاون کا شکوہ کیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بیشتر نیٹو ممالک نے ایران کے خلاف کارروائی میں امریکا کا ساتھ نہیں دیا، اور اب امریکا کو بھی کسی کی ضرورت نہیں رہی۔انہوں نے بتایا کہ امریکا نے اتحادی ممالک سے خلیج میں تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے مدد طلب کی تھی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔صدر ٹرمپ کے مطابق بیشتر نیٹو اتحادی ایران کے خلاف ممکنہ فوجی آپریشن میں شامل ہونے سے ہچکچاتے رہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا ہر سال اپنے اتحادیوں کے دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، لیکن ضرورت کے وقت یہی ممالک ساتھ نہیں دیتے، جس سے یہ اتحاد اکثر یک طرفہ محسوس ہوتا ہے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ حالیہ فوجی کامیابیوں کے بعد امریکا کو اب نیٹو یا دیگر اتحادیوں کی مدد درکار نہیں، کیونکہ امریکا دنیا کی سب سے طاقتور ریاست ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جاری کارروائیوں میں امریکی افواج نے اس کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا، ایرانی بحریہ تقریباً ختم ہو چکی ہے جبکہ فضائیہ، دفاعی نظام اور ریڈار کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے، اور کئی اعلیٰ عہدیدار مارے جا چکے ہیں۔