نمازِ عید کے دوران 3 لائنوں پر مشتمل سیکورٹی انتظامات کئے جائیں:محکمہ داخلہ

قابلِ اعتراض تقاریر، لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال اور اسلحے کی نمائش پر پابندی کا سختی سے نفاذ ہوگا
 عبادت گاہوں میں واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں ‘ہرشخص کی تلاشی لی جائے
لاہور (آن لائن) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر کیلئے عیدالفطر سکیورٹی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عید الفطر یکم شوال 1447 ہجری چاند کی رویت کے مطابق 20 یا 21 مارچ کو ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے عیدالفطر پر پنجاب بھر میں فول پروف حفاظتی انتظامات کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ جاری کردہ ہدایات میں درج ہے کہ نمازِ عید کے دوران 3 لئیرز پر مبنی فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائی، تمام عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور اضافی سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ اسی طرح کہا گیا ہے کہ عبادت گاہوں کیلئے ایک مرکزی داخلی دروازہ رکھا جائے اور اہم مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کی جائیں جہاں سکیورٹی اہلکار حفاظتی کٹ میں ہوں۔ خواتین نمازیوں کیلئے عبادت گاہوں پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی جبکہ اسپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈز کے ذریعے ضروری آپریشن مکمل کیے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ عبادت گاہوں میں واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں اور عبادت گاہوں میں داخل ہونے والے ہر شخص کی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر جسمانی تلاشی لی جائے۔ اسی طرح مناسب پارکنگ ایریاز پنڈال سے محفوظ فاصلے پر مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر کومبنگ آپریشنز مکمل کیے جائیں۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، عید بازاروں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔