(حکومتی ریلیف سکیم پر اعتراض) سستا پیٹرول دینے سے انکار
سبسڈی شدہ رقم کی ادائیگی کے طریقے کی وضاحت تک ڈیلرز فیول اسکیم کا حصہ نہیں بنیں گے، اگر زبردستی کی گئی تو پیٹرول پمپ اسٹیشنز بند کر دیں گے۔ ریلیف سکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی :چیئرمین پی پی ڈی اے
(انٹرو1)
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومتی ریلیف سکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسکیم کے تحت پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا۔فیول اسکیم کا حصہ نہیں بنیں گے، زبردستی کرنے پر پیٹرول پمپس بند کر دیں گے، وائس چیئرمین پی پی ڈی اے انوار کمال نے کہا کہ ریلیف سکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی، جبکہ موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد بھی مشکل ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو براہ راست اور آسان طریقے سے ریلیف فراہم کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی متاثر ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے کے واجبات بھی زیر التوا ہیں۔انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر ڈالنا قابلِ عمل نہیں، ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی موجودہ ریلیف اسکیم کے تحت ڈیلرز پیٹرول فراہم نہیں کریں گے۔وائس چیئرمین پی پی ڈی اے کا کہنا تھا کہ سستے پیٹرول کی رقم حکومت ڈیلرز کو کس طریقہ کار کے تحت ادا کرے گی؟ حکومت سے تین روز سے رابطہ کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔
(انٹرو2)
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں، عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں سکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی۔