محمد حفیظ نے 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت دی

محمد حفیظ نے 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت دی

محمد حفیظ نے 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا اداروں نے ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی بھی کھلاڑی پر ذاتی حملہ کرنا نہیں تھا، بلکہ وہ صرف اس بات پر بات کر رہے تھے کہ 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں نے پاکستان کو آئی سی سی ٹورنامنٹس جتوائے نہیں تھے۔سوشل میڈیا پر وضاحت دیتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ ان کا بیان 1992 کے ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کی کارکردگی پر تھا، اور ان کا مقصد اس دور کے کھلاڑیوں کی صلاحیت کو کم تر ثابت کرنا نہیں تھا۔ ان کے مطابق، 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں نے پاکستان کو بہت سے میگا اسٹار دیے، لیکن وہ 1996، 1999 اور 2003 کے آئی سی سی ایونٹس میں کامیابی حاصل نہیں کر پائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1996 میں ٹیم کی پرفارمنس بہتر نہیں تھی، 1999 میں فائنل تک پہنچنے کے باوجود شکست نے قوم کو مایوس کیا۔ تاہم، 2009 میں یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ جیتا اور قوم کی حوصلہ افزائی کی، اور پھر 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئینز ٹرافی کی فتح نے بھی پاکستانی کرکٹ کو نیا حوصلہ دیا۔حفیظ نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے شعیب اختر سے سوال کیا تھا کہ 90 کی دہائی کے کھلاڑیوں نے پاکستان کو کون سا آئی سی سی ٹورنامنٹ جتوایا، حالانکہ وہ میگا سپر اسٹار تھے۔ ان کا مقصد اس بات کی وضاحت کرنا تھا کہ ہم نے 1990s کے عظیم کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود عالمی سطح پر کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔