ویب ڈیسک: لاہور میں غیر ملکی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران 2 غیر ملکی منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی سربراہی میں ایس ایچ او فیصل ٹاؤن نے خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی اور ملزمان عالے عبداللہ اور جمعہ حماسی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کا تعلق تنزانیہ سے ہے اور ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی 2.5 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے علاقہ غیر سے منشیات منگوا کر تعلیمی اداروں، ہوسٹلز، کالجز اور یونیورسٹیز کے اطراف میں فروخت کی۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے، جس کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر کے 125 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہے۔