وزیراعلیٰ پنجاب نے منشیات کیس میں انمول عرف پنکی نیٹ ورک کی رپورٹ طلب کر لی

وزیراعلیٰ پنجاب نے منشیات کیس میں انمول عرف پنکی نیٹ ورک کی رپورٹ طلب کر لی

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی سے منسلک مبینہ نیٹ ورک کے حوالے سے اعلیٰ پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے اس کیس پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مبینہ منشیات نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ تفتیش کے دوران نیٹ ورک سے جڑے ممکنہ رابطوں اور کرداروں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کے شوہر بتائے جانے والے سابق پولیس انسپکٹر رانا اکرام کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، جہاں ان سے کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ملزمہ کو لاہور منتقل کرنے کے لیے بھی کارروائی جاری ہے، جبکہ کوٹ لکھپت میں درج مقدمے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کیس میں اب تک اسے اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے گرفتار کی گئی منشیات سے متعلق مبینہ خاتون انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے جڑے افراد کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل لاہور میں درج ایک مقدمے میں اس کے بھائی ریاض بلوچ کا نام سامنے آیا تھا، جس کے خلاف 2022 میں تھانہ کوٹ لکھپت میں منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا تھا کہ ایک گاڑی کے ذریعے منشیات کی ترسیل کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مبینہ طور پر خاتون گاڑی لے کر فرار ہو گئی تھی۔

حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف ٹیمیں سرگرم ہیں۔