ویب ڈیسک: مصر کے 43 سالہ شہری اشرف کاہونجا نے رمضان کے مقدس مہینے میں روزے کی حالت میں 279 ٹن وزنی ٹرین کھینچ کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا۔
اشرف کاہونجا نے یہ حیرت انگیز کارنامہ وسطی قاہرہ کے رمسیس ٹرین اسٹیشن پر گنیز وفد کی موجودگی میں انجام دیا اور دنیا کے مضبوط ترین انسانوں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔عرب میڈیا کے مطابق، اشرف نے رمضان میں اس چیلنج کو قبول کیا تاکہ روزے کی حالت میں بغیر کھانے کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر سکیں۔ انہوں نے اس ٹیسٹ کو تین مراحل میں مکمل کیا اور ہر مرحلے میں کامیابی حاصل کی۔
یہ ان کی چھٹی کوشش تھی جس میں انہوں نے دنیا کے مضبوط ترین انسان ہونے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔اشرف نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنی بیویوں اور تین بیٹیوں کے سر باندھا، جنہوں نے ہمیشہ ان کے خوابوں کی تعمیل میں ان کا ساتھ دیا۔اشرف کاہونجا نے اپنی کامیابی سے قبل 16 ٹن وزنی ٹرک، 30 ٹن کے دو فائر انجن، سب وے ٹرینیں اور 6 اینجل کاریں بھی کھینچ کر مختلف ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔