رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھنا جسمانی اور روحانی فوائد کے ساتھ ساتھ بعض اوقات سر درد جیسی مشکلات بھی پیدا کرتا ہے۔
یہ درد روزہ داروں کے لیے دن بھر کی تکلیف کا باعث بن سکتا ہے، لیکن اس کی وجوہات اور حل کو جان کر اس سے بچا جا سکتا ہے۔
سر درد کی وجوہات:
نیند کی کمی:
رمضان کے دوران رات دیر سے سحری کے لیے اٹھنا اور دن بھر کے کام کاج کی وجہ سے نیند کا معمول خراب ہو جاتا ہے۔ نیند کی کمی سر درد کا ایک اہم سبب بن سکتی ہے۔
لو بلڈ پریشر:
خون کی کمی یا لو بلڈ پریشر کی صورت میں روزہ داروں کو سر درد ہو سکتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کو جو سحری کے دوران پانی یا خوراک کی کمی محسوس کرتے ہیں۔
کیفین کی کمی:
چائے، کافی یا سگریٹ کے عادی افراد کو رمضان میں کیفین کی کمی کی وجہ سے سر درد کا سامنا ہو سکتا ہے۔ رمضان سے پہلے ان عادات کو کم کرنا بہتر ہوتا ہے تاکہ روزے میں سکون محسوس ہو۔
جسمانی پروٹین کا ٹوٹنا:
طویل عرصے تک کھانا نہ ملنے کی صورت میں جسم میں موجود پروٹین ٹوٹنے لگتے ہیں۔ ان پروٹین کے ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے مادے دماغ میں سر درد کا سبب بن سکتے ہیں۔
جسم میں پانی کی کمی:
گرمی کے موسم میں روزہ رکھنے سے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے، خاص طور پر پسینے کے ذریعے، جس کے نتیجے میں سر درد ہو سکتا ہے۔
سر درد کا علاج اور حل:
پانی کا زیادہ استعمال:
سحری اور افطار کے دوران پانی کی مقدار بڑھائیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ چائے اور کافی جیسی کیفین والی مشروبات سے پرہیز کریں۔
اعصاب کو آرام دیں:
اگر سر درد ہو تو آرام سے لیٹ جائیں، آنکھیں بند کریں اور خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کریں۔ یہ طریقہ درد میں کمی لا سکتا ہے۔
اسکرین سے دور رہیں:
سر درد کی حالت میں کمپیوٹر، موبائل یا ٹی وی اسکرین سے دور رہیں، کیونکہ ان کی شعاعیں درد کو بڑھا سکتی ہیں۔
نیم گرم پانی سے غسل:
نیم گرم پانی سے غسل کرنے سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، جس سے سر درد میں افاقہ ہو سکتا ہے۔
ہلکی پھلکی ورزش:
ہلکی ورزش جیسے گردن کو دائیں بائیں اور آگے پیچھے حرکت دینے سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، اور سر درد میں آرام ملتا ہے۔
کھانے پینے میں احتیاط:
سحری اور افطار کے دوران زیادہ مصالحے دار اور چکنائی والی چیزوں سے پرہیز کریں، اور متوازن، صحت بخش غذا کا انتخاب کریں۔روزے میں سر درد ایک عام مسئلہ ہے، لیکن اس کی وجوہات کو سمجھ کر اور چند احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بچا جا سکتا ہے۔ رمضان کے اس مقدس مہینے میں اپنی صحت کا خیال رکھیں اور اس کے روحانی فوائد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔