رمضان المبارک 2026 کے دوران دنیا بھر میں روزے کے اوقات جغرافیائی محلِ وقوع اور موسم کی بنیاد پر مختلف ہوں گے۔
عمومی طور پر اس سال روزے کا دورانیہ نسبتاً کم رہے گا کیونکہ رمضان موسمِ سرما کے اختتام اور بہار کے آغاز میں آئے گا۔پاکستان میں رمضان المبارک کے دوران روزے کا دورانیہ تقریباً 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ رمضان کے آغاز میں روزہ تقریباً 13 گھنٹے کا ہوگا، جو مہینے کے اختتام تک بتدریج بڑھ کر ساڑھے 13 گھنٹے تک پہنچ جائے گا۔دیگر مسلم ممالک میں بھی روزے کے اوقات مختلف ہوں گے۔ رمضان کے ابتدائی دنوں میں روزہ لگ بھگ 12 گھنٹے کا ہوگا، جبکہ ماہ کے اختتام تک اس دورانیے میں اضافہ ہو کر تقریباً 13 گھنٹے تک پہنچنے کی توقع ہے۔ چونکہ رمضان شمالی نصف کرہ میں بہار کے آغاز کے ساتھ آئے گا، اس لیے دن کی روشنی کے اوقات پورے مہینے میں بتدریج بڑھتے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق مختلف ممالک میں روزے کے دورانیے میں فرق کی بنیادی وجہ جغرافیہ ہے۔ خطِ استوا کے قریب واقع ممالک میں دن اور رات کے اوقات نسبتاً متوازن رہتے ہیں، جبکہ شمال یا جنوب کی جانب واقع علاقوں میں موسمی تغیرات زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے بیشتر مسلم اکثریتی ممالک میں رمضان کے آغاز پر دن نسبتاً چھوٹے ہوں گے، تاہم مہینے کے ساتھ ساتھ روزے کا دورانیہ بڑھتا جائے گا۔ مصر میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 40 منٹ سے شروع ہو کر رمضان کے آخر تک 13 گھنٹے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان سمیت خلیجی ریاستوں میں بھی اسی طرح کا پیٹرن متوقع ہے، جہاں شہروں کے درمیان معمولی فرق کے ساتھ روزے کا دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے کے درمیان رہے گا۔ شمالی افریقہ کے ممالک مراکش، الجزائر اور تیونس میں طولِ بلد اور غروبِ آفتاب کے اوقات کے باعث معمولی فرق دیکھنے میں آ سکتا ہے۔
امریکا کے شہر نیویارک میں رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ تقریباً ساڑھے 12 گھنٹے ہوگا، جو مہینے کے دوران بڑھ کر 13 گھنٹے یا اس سے کچھ زیادہ ہو سکتا ہے۔ یورپ کے مختلف حصوں، خصوصاً برطانیہ، جرمنی اور اسکینڈینیویا میں بلند عرضِ بلد کے باعث مسلمان نسبتاً طویل روزے رکھیں گے، جو مشرقِ وسطیٰ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہوں گے، اگرچہ 2026 میں یہ دورانیہ انتہائی طویل نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ رمضان 2026 کی تاریخ متوقع طور پر سامنے آ چکی ہے، تاہم حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد 29 شعبان کو کیا جائے گا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کیے گئے فلکیاتی حساب کے مطابق رمضان 2026 کا آغاز متوقع طور پر 19 فروری کو ہوگا، تاہم حتمی فیصلہ سعودی عرب میں رویتِ ہلال کے بعد کیا جائے گا۔