نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن نہ کرنے کا فیصلہ

5 جنوری کے بعد کی میڈیکل کالجز رجسٹریشن کی درخواستوں پر غور نہیں ہوگا
    اسلام آباد (یواین پی) حکومت نے نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری بھی دیدی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ملک میں مزید میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے کالجز رجسٹریشن پر پابندی کے فیصلے کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کے تحت اب پی ایم ڈی سی کی جانب سے نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی تعداد 187 ہے، ملک میں نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز 121 اور سرکاری 66 ہیں، میڈیکل کالجز کیلئے فیکلٹی کی کمی پر رجسٹریشن پر پابندی کا فیصلہ ہوا، جس کے تحت 5 جنوری کے بعد کی میڈیکل کالجز رجسٹریشن کی درخواستوں پر غور نہیں ہو گا جبکہ 5 جنوری سے قبل کی 13 میڈیکل کالجز کی درخواستیں زیر غور آئیں گی۔