گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی پر افواہیں، بیٹی ٹینا آہوجا کا مؤقف سامنے آگیا

گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی پر افواہیں، بیٹی ٹینا آہوجا کا مؤقف سامنے آگیا

بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا  کی ازدواجی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر ان کی بیٹی ٹینا آہوجا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبریں انہیں ذہنی طور پر متاثر کرتی ہیں، تاہم اب انہوں نے ان افواہوں کو نظرانداز کرنا سیکھ لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹینا آہوجا نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ بچپن سے اپنے والدین کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں اور غیر مصدقہ خبریں سنتی آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ہر دور میں ان کی فیملی کے بارے میں نئی افواہیں سامنے آتی رہتی ہیں، جو پہلے میگزینز اور اخبارات تک محدود تھیں، لیکن اب سوشل میڈیا کے ذریعے تیزی سے پھیلتی ہیں۔ٹینا نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر باتیں یا تو بے بنیاد ہوتی ہیں یا انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، جس کے باعث انہیں اور ان کے خاندان کو ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے سیکھ لیا ہے کہ ہر خبر پر ردعمل دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرنا بہتر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شوبز انڈسٹری میں مسلسل قیاس آرائیوں کا سامنا عام بات ہے، اس لیے عوامی زندگی سے وابستہ افراد کو مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے اور اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی کو کئی دہائیاں گزر چکی ہیں اور دونوں کے بارے میں مختلف اوقات میں علیحدگی سے متعلق افواہیں میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث رہی ہیں، تاہم خاندان کی جانب سے اکثر ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جاتا رہا ہے۔