معاشقوں و بے وفائی کے باوجود گووندا کو نہیں چھوڑوں گی: سنیتا آہوجا

معاشقوں و بے وفائی کے باوجود گووندا کو نہیں چھوڑوں گی: سنیتا آہوجا

بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے طلاق اور علیحدگی سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنے شوہر کو نہیں چھوڑیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے نیٹ فلکس کے ریئلٹی شو لاک اپ میں شرکت کی تھی، تاہم صحت کے مسائل کے باعث انہیں شو سے باہر ہونا پڑا۔ شو کے دوران انہوں نے گووندا کی نجی زندگی اور مبینہ معاشقوں سے متعلق گفتگو بھی کی تھی۔حالیہ انٹرویو میں سنیتا آہوجا نے کہا کہ اعتماد اور محبت کا رشتہ کئی آزمائشوں سے گزرتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ گووندا کے ساتھ اپنے رشتے کو ختم نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں اداکارائیں اور اداکار ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں، اس لیے ازدواجی زندگی میں اعتماد اور محبت سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ کسی اداکار کی بیوی بننے کے لیے مضبوط دل اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں گووندا سے کم عمری میں محبت ہوئی تھی اور آج بھی وہ ان سے اسی محبت کا اظہار کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسان سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، لیکن اگر محبت سچی ہو تو معاف کر کے زندگی میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق سے متعلق افواہیں گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، تاہم سنیتا آہوجا نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔