بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے ایک ریئلٹی شو میں شرکت کے دوران اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کے حالیہ بیان پر مزاحیہ انداز میں ردِعمل دیا۔
شو کے جاری کیے گئے پرومو میں گووندا کی آمد پر میزبان فرح خان اور رتیش دیش مکھ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔گفتگو کے دوران گووندا نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا، ’’یہ تو وہ لاک اپ ہے جو نظر آتا ہے، جو نظر نہیں آتے وہ کئی لاک اپ ہیں، میں وہاں سے آ رہا ہوں۔‘‘اس موقع پر فرح خان نے سنیتا آہوجا کے اس بیان کا ذکر کیا جس میں انہوں نے مزاحاً کہا تھا کہ وہ گووندا کو ’’سینے پر گولی مار دیتیں‘‘۔اس پر گووندا نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ’’ارے، میں تو جیب میں گولی لے کر آیا ہوں، انہوں نے کہا تھا کہ سینے میں مارنا چاہتی تھیں، لو اب مار لو۔‘‘
یاد رہے کہ سنیتا آہوجا نے ایک شو میں اپنی ازدواجی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں شادی کے دوران مشکل وقت کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم محبت کی وجہ سے انہوں نے اپنا رشتہ برقرار رکھا۔انہوں نے گووندا کے ماضی میں پیش آنے والے حادثاتی فائرنگ کے واقعے کا بھی ہلکے پھلکے انداز میں ذکر کیا تھا۔واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے، ٹینا آہوجا اور یش وردھن آہوجا ہیں۔