بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے دھوکہ دہی سے متعلق افواہوں کے باوجود اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس کے ایک ریئلٹی شو میں مختصر شرکت کے دوران سنیتا آہوجا نے گووندا کے مبینہ معاشقوں سے متعلق بھی گفتگو کی۔حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے اعتماد اور محبت کو کئی بار آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کا رشتہ باہمی اعتماد اور محبت پر قائم ہے۔سنیتا آہوجا نے کہا، "بھروسہ بہت بڑی چیز ہے، مجھے نہیں لگتا کہ فلم انڈسٹری کا کوئی بھی ہیرو دودھ کا دھلا ہوگا۔ وہ ہیروئنز کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں، اس لیے یہ آپ کی محبت پر منحصر ہے کہ آپ ان باتوں کو کیسے لیتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایک اداکار کی بیوی بننے کے بعد دل کو مضبوط بنانا پڑتا ہے۔ میں نے 15 سال کی عمر میں گووندا سے محبت کی تھی، آج 56 برس کی ہوں اور اب بھی انہیں اتنا ہی چاہتی ہوں۔"سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے گووندا کو کئی بار معاف کیا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ان سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہوں۔ ان کے مطابق گووندا اکثر محبت سے کہتے ہیں کہ "یہ میری بیوی نہیں، میری بچی ہے۔"