ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار، بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار، بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم خطۂ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور میں شدید حبس اور آلودگی میں اضافہ
لاہور میں صبح سے ہی گرمی اور حبس نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ گرم ہواؤں کے باعث موسم مزید شدید محسوس ہو رہا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم محسوس شدہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد اور ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) 158 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے شہر میں بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی اور آلودگی میں کچھ کمی متوقع ہے۔

کراچی میں بادلوں کا بسیرا، ہلکی بارش کا امکان
شہر قائد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 اور کم سے کم 26 سے 28 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دیگر شہروں کا موسم
اسلام آباد اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح سوات، دیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور قریبی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں، بشمول کراچی، مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔