آزاد کشمیر کے عوام پر امن رہیں ‘دھرنے ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں نوازشریف کا کٹ آئوٹ لگالیں

عوام کو کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے  دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے ‘ آزاد جموں کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے مطابق  مکمل شہری آزادیاں حاصل ہیں ‘ عوامی حقوق کیلئے آئین کے اندر رہتے ہوئے  جدوجہد کرنی چاہئے 
مسلم لیگ ن تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ‘ سرکاری اور سول شہریوں کے جانوں کے ضیاع پر دلی رنج اور صدمہ پہنچا ہے، ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی ‘ یہ ملک ہم سب کا ہے :صدر ن لیگ کی اجلاس میں گفتگو
لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے  جموں کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں ۔ دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں ۔ کسی طور بھی کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے ھماری دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے ۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت میں  اعلی سطحی کااجلاس لاہور میں ہوا ۔ جس میں آزاد جموں کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس میں پاکستان  مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر لیڈر شپ نے شرکت کی۔محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح موقف رکھتی  ہے ۔جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزاد جموں کشمیر کے عوام کو آئینی اور بنیادی حقوق اور تعمیرو ترقی کے حوالے سے ترجیح دی ہے ۔ آزاد جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے مطابق انہیں مکمل شہری آزادیاں حاصل ہیں ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ عوامی حقوق کے لیے آئین کے اندر رھتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ مسلم لیگ ن تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا انہیں سرکاری اور سول شہریوں کے جانوں کے ضیاع پر دلی رنج اور صدمہ پہنچا ہے، ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونا چاھیے تھی ۔ یہ ملک ھم سب کا ہے ۔ اس میں ھم سب نے بھائیوں کی طرح رھنا ہے ۔ کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا ہے اور اس کے لیے کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ جموں کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں ۔ دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں ۔ مجھے امید ہے کہ آزاد جموں کشمیر کے عوام ، حکومت آزاد جموں کشمیر اور حکومت پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر آزاد جموں کشمیر میں امن کی بحالی اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ ان کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں پاکستان اور آزاد جموں کشمیر میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے