جماعت اسلامی کی اپیل پرہڑتال‘کہیں کاروبار بند‘کہیں دکانیں کھلی رہیں‘حکومت سے مذاکرات دھرنے ختم کرنے سے انکار

لاہور میں کوئینز روڈ، عابد مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، نسبت روڈ مارکیٹ، فیروزپور روڈ اور برنتھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند  رہے ،کارکنوں اور تاجروں میں ہاتھاپائی
خیبرپختونخوا  میں  تاجروں کی ہڑتال ‘کراچی میں نامعلوم افراد کا جلا ئوگھیرائو،کراچی ‘حیدر آباد میں زیادہ تردکانیں بند رہیں‘راولپنڈی  اور اسلام آباد  میںجزوی ہڑال کی گئی
 دھرنے بھی چلیں گے اور مذاکرات بھی: حافظ نعیم الرحمن‘ہم نہیں چاہتے  بدامنی سے دشمن فائدہ اٹھائے: احسن اقبال‘ جماعت اسلامی لیوی ختم کرنے کیلئے تجاویزدے:رانا ثناء 
لاہور،کراچی‘اسلام آباد‘ پشاور(آئی این پی ) پیٹرولیم مصنوعات اور لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر شڑڈائوں ہڑتال کی کال پرملک بھر میں    کاروباری مراکز کہیں جزوی طور پر اور کہیں مکمل  بند رہے جس سے نظام زندگی مفلوج رہا   جبکہ کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے جلائو گھیرائو کیا گیا۔کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے جلائوگھیرائو  شروع کیا، نامعلوم افراد نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ٹائر نذر آتش کیے، نامعلوم افراد نے دو موٹر سائیکلیں بھی نذر آتش کیں۔موسمیات، صفورا چورنگی اور اطراف میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کاروبار بند کروا دیا گیا، صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اور پیٹرول پمپس بند کروائے گئے‘لاہور میں کوئینز روڈ، عابد مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، نسبت روڈ مارکیٹ، فیروزپور روڈ اور برنتھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند  رہے ، مال روڈ پر جماعت اسلامی کے کارکنوں اور تاجروں میں ہاتھاپائی ہوئی‘خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں کاروباری و تجارتی مراکز جزوی بند رہے‘دریں اثناء حکومتی مذاکراتی وفد نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل تھے۔مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفر نس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا  حکومت نے دھرنے موخر کرنے کا کہا،  ہم نے کہا ہے دھرنے بھی چلیں گے اور مذاکرات بھی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ملک میں بدامنی سے دشمن فائدہ اٹھائے، عوامی یا سیاسی اجتماعات کو تخریب کار اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے، ہم سب چاہتے ہیں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، پٹرولیم لیوی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی تجاویز سنیں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا  حافظ نعیم الرحمان نے ہماری گزارشات کو سنا ہے، جماعت اسلامی کا مقصد عام آدمی کو ریلیف دلانا ہے، ایران جنگ کی وجہ سے عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھرنا کسی ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں دیا، آج ہمارے دھرنوں کا 19واں دن ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہر آدمی متاثر ہورہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق غربت میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت نے اپنے ہدف سے زیادہ لیوی میں 100 ارب جمع کیے۔ حکومت غریب کے لیے روٹی کی قیمت 10 روپے کردے گی تو کیا ہوجائے گا، لیوی ختم، پٹرول کی قیمت کم اور روٹی سستی کریں۔