کاہنہ، لاہور: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل، مقدمہ درج، والد سمیت چار نامزد

کاہنہ، لاہور: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل، مقدمہ درج، والد سمیت چار نامزد

ویب ڈیسک: لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

قتل کی ایف آئی آر مقتولہ کے والد سمیت چار نامزد اور تین سے چار نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے، جن پر قتل، گھرمیں گھس کر حملہ کرنے سمیت سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق مقتول پیر محمد ایک معذور شخص تھا، جس نے دو ماہ قبل نفیسہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کاہنہ کے علاقے نور پارک میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کے والد غلام صدیق اور اس کے قریبی رشتہ دار صدیق اللہ، مجیب اللہ اور شریف اللہ کو اس شادی پر شدید رنج تھا، جس پر انہوں نے مبینہ طور پر یہ سنگین واردات انجام دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پیر محمد اور نفیسہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد پیشرفت متوقع ہے۔