لاہور کے علاقے کاہنہ کے نور پارک میں دوہرے قتل کی ہولناک واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر میاں بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول جوڑے نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی۔ واقعے کے بعد نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ مقتولین کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، تاہم ابھی تک ان کی شناخت مکمل نہیں ہو سکی۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد جمع کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہے کہ یہ واردات غیرت کے نام پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔