ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 21 جون تک گرمی کی موجودہ لہر کے برقرار رہنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں گرمی کی شدت اور فضائی آلودگی میں اضافہ:
لاہور میں سورج کی تپش نے گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور شہر کا مطلع صاف رہے گا، جبکہ موسم گرم اور خشک رہے گا۔
موجودہ درجہ حرارت: 32 ڈگری سینٹی گریڈ
متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: 38 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ
ہوا کی رفتار: صرف 3 کلومیٹر فی گھنٹہ، جس کے باعث حبس بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہواؤں کا سلسلہ ساکن ہونے سے محسوس ہونے والے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ادھر شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہو گئی ہے۔ ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی شرح 172 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد لاہور دنیا کے دوسرے نمبر پر آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔
دیگر علاقوں کا موسم:
اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابر آلود موسم اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شام اور رات کے وقت چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا تاہم مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، راولپنڈی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب، جبکہ بلوچستان میں گرم اور خشک رہے گا۔ کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔