لاہور: شہر بھر میں ہواؤں کا سلسلہ تھم جانے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رواں ہفتہ شدید گرم رہے گا، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب، ملک بھر میں گرمی کی شدت نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ سکھر، دادو، سبی اور تربت میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ چکا ہے، جبکہ روہڑی، خیرپور، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی موسم شدید گرم رہا۔
لاہور اور پشاور میں درجہ حرارت 42 ڈگری، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 38 ڈگری، جبکہ کراچی اور کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے جزوی طور پر موسم معتدل ہوا، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو دن کے اوقات میں دھوپ سے بچنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور خود کو گرمی سے محفوظ رکھنے کی تاکید کی ہے۔