شہر میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صبح سویرے شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت کے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ ماہرین کے مطابق کم رفتار ہوا اور زیادہ نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید بڑھ رہی ہے۔ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھا جائے تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال مختلف رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ مری اور گلیات میں بھی بارش کا امکان ہے۔اسی طرح اٹک، میانوالی اور راولپنڈی میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں پشاور، سوات، کوہستان، باجوڑ، کالام، چترال، دیر، کوہاٹ، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، پاڑہ چنار اور کرم شامل ہیں، وہاں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔