مولانا معاویہ اعظم کی ڈاکٹرحافظ عبدالکریم سے ملاقات، امیر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی

سربراہ راہ حق پارٹی نے پروفیسرساجد میرکی وفات پر اظہار تعزیت کیا،اتحاد امت اورملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال 
جمعیت اہلحدیث ساجد میرکے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی وسماجی جدوجہد جاری رکھے گی، ڈاکٹرحافظ عبدالکریم
لاہور (  خصوصی رپورٹر) راہِ حق پارٹی کے سربراہ مولانا معاویہ اعظم سابق ایم پی اے نے مرکز اہلحدیث کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نو منتخب امیر ڈاکٹرحافظ عبدالکریم سے ملاقات کی۔مولانا معاویہ اعظم نے حافظ عبدالکریم کو امیر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر مولانا معاویہ اعظم نے معروف دینی و سیاسی شخصیت سابقہ سینیٹراور امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پروفیسر ساجد میر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر قرآن و سنت کے علوم میں مہارت کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم میں بھی اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔ ان کے پاس وہ ڈگریاں اور علمی مرتبہ تھا جنہیں حاصل کرنے کے لیے لوگ برسوں محنت کرتے ہیں۔مولانا معاویہ اعظم نے مزید کہا کہ پروفیسر ساجد میر ایک باکردار، باوقار اور علم و حکمت سے بھرپور شخصیت تھے، جنہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ اور سینٹ کے رکن کی حیثیت سے ملک و ملت کی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی، سیاسی اور دینی خدمات کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔اس موقع پر مولانا عبدالرشید حجازی ،علامہ معتصم الہٰی ظہیر،ڈاکٹر عبدالغفورراشد ،حافظ یونس آزاد اور محمد علی یزدانی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دینی ہم آہنگی، اتحادِ امت اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔اس موقع پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی فکر اور مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں اپنی سیاسی و سماجی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچائیں گے۔ملاقات کے اختتام پر حافظ عبدالکریم نے مرکز اہلحدیث کا دورہ کرنے اور تعزیت کے لیے آنے پر مولانا معاویہ اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔