فیصلے سے ناصرف ملکی دفاعی صلاحیت مزید موثر بلکہ دفاعی قیادت بھی تاریخی باب رقم کریگی‘سینیٹر حافظ عبدالکریم
اسلام آباد (آن لائن)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف دی ڈیفنس فورسز بنائے جانے پر تہنیتی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی سلامتی کے مضبوط مستقبل کی علامت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے نہ صرف ملک کی دفاعی صلاحیت مزید موثر ہوگی بلکہ دفاعی قیادت بھی اپنے شعبے میں تاریخی باب رقم کریگی۔سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی نظم و ضبط اور قومی سلامتی کے معاملات میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی بصیرت سے پاکستان نے معرکہ حق،بنیان المرصوص میں دشمن ملک بھارت کو اس انداز میں پچھاڑا کہ پوری دنیا حیران رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں داخلی استحکام، شدت پسندی پر قابو اور قومی اتحاد کے لیے بھی ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے اس امر پر بھی اظہارِ اطمینان کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب سمیت اہم مسلم ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو برادرانہ تعاون سے آگے بڑھا کر عملی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب میں دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے بلکہ عالمِ اسلام میں پاکستان کی پوزیشن بھی مستحکم ہوئی۔ حافظ عبدالکریم نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نئی ذمہ داری پاکستان کے دفاعی نظام کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو طاقت، حکمت اور کامیابی عطا فرمائے اور پاکستان ہمیشہ امن اور استحکام کا مرکز رہے۔