ایران نے میزائلوں اور ڈرون سے حملے کئے‘حیفہ ریفائنری بند، تین اسرائیلی ہلاک، جو غزہ میں کیا وہی ایران میں بھی کریں گے: اسرائیلی فوجی ترجمان کی دھمکی
اسرائیلی فوج کا نئے کمانڈر میجر جنرل علی شادمانی کو شہید کرنے کا دعوی‘اسرائیل پرایسا حملہ کریں گے جو اسے پچھتانے پر مجبور کر دے گا: ایرانی صدر کا انتباہ
تہران، مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی ) ایران نے اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ کو چوتھی بار نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں حیفہ آئل ریفائنری مکمل طور پر بند ہو گئی جبکہ ریفائنری کے 3 ملازم بھی ہلاک ہوگئے جبکہاسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ رات تہران پر کیے گئے فضائی حملے میں خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے نئے کمانڈر میجر جنرل علی شادمانی شہید ہو گئے ۔وہ ایرانی حکومت کے سب سے اعلی فوجی افسران میں شمار ہوتے تھے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت تازہ حملے ان مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر بھی کیے گئے ہیں جو اسرائیل کے زیر تسلط ہیں، اسرائیلی جارحیت نے ایران کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی قوم اور ملک کے دفاع میں یہ حملے جاری رکھے اور صیہونی مجرموں پر کاری ضرب لگائے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پرڈرونز اور میزائل سے حملہ کیا ہے، یہ ایران کا اسرائیل پر نواں حملہ ہے، وعدہ صادق تھری کے ذریعے بے گناہوں کا بدلہ لیا جارہا ہے‘اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد دارالحکومت تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں، اسرائیل نے ایران میں شہری آبادیوں پر حملے کیے، سرکاری ٹی وی اور ہسپتال کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکے تہران کے مشرق اور جنوب مشرقی علاقوں میں کیے گئے ہیں جب کہ جنوب مغربی خوزستان صوبے کے شہر اہواز میں بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔یہ دھماکے امریکی صدر ٹرمپ کے وارننگ جاری کرنے کے فورا بعد ہوئے ہیں، جس میں انہوں نے شہریوں سے فوری طور پر تہران خالی کرنے کا کہا تھا۔اس سے قبل اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران سے انخلا کی وارننگ کے بعد ٹی وی چینلز اور ہسپتالوں پر بمباری کر دی۔اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے لرستان اور اصفہان پر میزائل حملے میں 24 شہری شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے‘اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ اسرائیل نے لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں کیا ایران میں بھی وہی کرے گا‘دریں اثناء یرانی صدر مسعود پزیشکیان نے اپنے نئے بیان میں کہا ہم دشمن کی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیں گے ‘اسرائیل پر ایسا حملہ کریں گے جو اسے پچھتانے پر مجبور کردے گا،اسرائیلی حملوں کا اسی کی زبان میں جواب دیں گے،ہم جنگ کو وسعت دینا نہیں چاہتے،ہرکمانڈر کے ہاتھ سے گرنے والا پرچم نیا کمانڈر اٹھائے گا اورمیدانِ جنگ میں اترے گا