جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ممکنہ بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے آبادی سے دور جا کر گاڑی کو نشانہ بنایا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی گاڑی کی تین روز تک مسلسل نگرانی کی، جس کے بعد مناسب وقت پر کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے نتیجے میں بارود سے بھری گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ کر دی گئی، جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشتگرد عناصر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ذرائع نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خاتمے تک جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔