سیکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس اہلکاروں پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان متعدد مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 24 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی یافتہ پراکسی گروہ "فتنہ الخوارج" سے تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بدستور جاری رہیں گے تاکہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔بیان میں کہا گیا کہ ریاستی ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔