بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ N-25 پر کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں کا بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، تاہم دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں تین ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ N-25 پر کنڈاوا پوسٹ کو نشانہ بنانے کے لیے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے اور جوابی کارروائی میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔دھماکے کی شدت کے باعث قریبی مقامی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ افسوسناک واقعے میں دو شہری جان کی بازی ہار گئے۔ شہید ہونے والوں میں کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد شامل ہیں۔
واقعے میں متعدد مقامی شہری زخمی ہوئے، جن میں عبد الحق ولد نور محمد (63 سال)، محمد اکرام ولد سید محمد (21 سال)، محمد رمضان ولد گل محمد (35 سال)، محمد سنان ولد محمد رمضان (3 سال)، تانیہ دختر امیر احمد (21 سال)، منزہ دختر محمد رمضان (23 سال)، بی بی حسینہ دختر جمعہ خان (25 سال)، زاہدہ دختر عبدالقادر (45 سال)، فائزہ گل دختر امیر احمد (18 سال)، شاہینہ دختر عبد الحق (35 سال)، شہلیزہ دختر سید محمد (12 سال)، معراج دختر عبد الحق (22 سال) اور بی بی سیدہ زوجہ سید محمد (36 سال) شامل ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق دہشتگردوں کا یہ بزدلانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے بڑے حملے کے منصوبے کو ناکام بنایا۔