کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 863 مقدمات درج

کارروائیاں تیز، 1221 ملزم گرفتار، مکان مالکان کو بھی وارننگ جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے کرایہ داری ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال اب تک خلاف ورزی کرنے والے 1221 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 863 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں صدر ڈویڑن سے 300، اقبال ٹاؤن ڈویڑن سے 321 اور سٹی ڈویڑن سے 231 افراد شامل ہیں، جبکہ دیگر ڈویڑنز میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ داروں کی آڑ میں چھپنے والے جرائم پیشہ عناصر شہریوں کی سکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے تمام مکان مالکان اپنے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بغیر تصدیق مکان کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سی سی پی او نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کرایہ داروں اور نجی و گھریلو ملازمین کی سو فیصد رجسٹریشن یقینی بنائی جائے، کیونکہ ان کا پولیس ریکارڈ میں اندراج محفوظ معاشرے کی ضمانت ہے۔