لاہور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں ماہ جولائی میں اب تک 92 مقدمات کا اندراج کرلیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس ضمن میں ماہ جولائی میں اب تک کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 163 ملزمان کو گرفتار کر کے 92 مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں سال کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2007 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر شہر کے مختلف تھانوں میں 1153 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت کرایہ داروں کا اندراج نہ کروانے والے پراپرٹی مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں اندراج مالک مکان اور کرایہ دار دونوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت کوائف اندراج سے اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقے میں کرایہ داروں کے اندراج کے لیے پراپرٹی مالکان کے ذریعے پولیس ایپ "ٹیننٹ رجسٹریشن" میں اندراج یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سافٹ ویئرز کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت کرایہ داروں اور نجی ملازمین کے پولیس ریکارڈ کے اندراج میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، پولیس ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں بروقت اندراج کروائیں