ڈی جی خان: بارڈر چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام

ڈی جی خان: بارڈر چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام

پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں بارڈر چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ حملہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے سحری کے وقت کیا۔ حملہ آور خیبرپختونخوا سے ٹولیوں کی صورت میں آئے تھے اور انہوں نے راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔پولیس کے جوانوں نے فوری طور پر ردعمل دکھاتے ہوئے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی اور مشین گنز اور مارٹر کے ذریعے جوابی کارروائی کی۔ اس کے نتیجے میں دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام ہوگئے اور انہیں پسپائی اختیار کرنی پڑی۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔پنجاب کے آئی جی پولیس نے چیک پوسٹ پر حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔ یہ حملہ چھ روز قبل ہونے والے اسی نوعیت کے ایک اور حملے کے بعد کیا گیا، جسے بھی پولیس نے ناکام بنایا تھا۔