ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔
حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرنیڈز اور جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔ چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج اور ڈی پی او سید علی نے آپریشن کی قیادت کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔جھنگی چیک پوسٹ تونسہ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں واقع ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارجی دہشت گردوں کا یہ 18واں حملہ تھا، جسے ناکام بنایا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق، پنجاب پولیس کی الرٹنس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ حالیہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات تمام اہلکار محفوظ رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومتی فنڈنگ سے جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں حملے کی بزدلانہ حرکت پر آئندہ بھی دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔