لاہور میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، قیمتوں کی سخت نگرانی کی ہدایت

لاہور میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، قیمتوں کی سخت نگرانی کی ہدایت

کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس کو اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس نوٹیفائیڈ سرکاری نرخوں کے مطابق اشیائے خور و نوش کی قیمتیں باقاعدگی سے چیک کریں، جبکہ ہر ریڑھی، دکان اور مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے تاکہ شہری مقررہ قیمتوں سے آگاہ رہ سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور غفلت یا کوتاہی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔نعمان یوسف نے اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس اور پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ پرائس چیکنگ اور مارکیٹ مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے قیمتوں کی نگرانی کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔