ڈپٹی کمشنر لاہور نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔لاہور بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں اور پولٹری شاپس کی سخت مانیٹرنگ کے دوران گراں فروشی پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
موجودہ اقدامات کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے:
برائلر گوشت 5 روپے فی کلو سستا
آلو کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کمی
بھنڈی، گاجر، مونگرے اور ٹینڈے کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی
پیاز، ٹماٹر، ادرک اور لہسن کی قیمتوں میں استحکام
سیب، کینو اور انار کی قیمتوں میں استحکام
فارمی انڈے 240 روپے فی درجن پر برقرار
ڈپٹی کمشنر آفس نے شہریوں سے کہا ہے کہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق خریداری کریں اور گراں فروشی کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شہری شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔