ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ

ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ

لاہور: سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈی جی پیرا نے مجوزہ قوانین پر بریفنگ دی جبکہ ڈی جی فوڈ نے روٹی اور آٹے کے نرخوں کے ساتھ ساتھ حالیہ کارروائیوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پنجاب میں بین الاضلاعی سطح پر آٹا اور گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ تاہم ناجائز ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے بین الصوبائی ترسیل کے لیے فوڈ ڈائریکٹوریٹ کا پرمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے باوجود مختلف اضلاع میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی فوڈ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی کہ گندم کے اسٹاک رکھنے والے تمام لائسنس ہولڈرز کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر جمع کرائی جائے تاکہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر قابو پایا جا سکے۔