لاہور میں پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بڑی سپلائی ناکام، لاکھوں مالیت کا سامان برآمد

لاہور میں پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بڑی سپلائی ناکام، لاکھوں مالیت کا سامان برآمد

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بڑی کھیپ سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس ایچ او ہربنس پورہ رانا محمد عمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نوید اور عمران کو پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی تقریباً 2 ہزار پتنگیں اور 110 چرخیاں کیمیکل ڈور برآمد کر لیں، جنہیں قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن ذرائع سے پتنگیں اور کیمیکل ڈور منگوا کر لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے۔

ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایڈیشنل ایس ایچ او ہربنس پورہ رانا محمد عمران اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔